صوبہ پنجاب میں گندم کے پیداواری مقابلہ کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب

منگل 26 دسمبر 2023 22:18

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2023ء) صوبہ پنجاب میں گندم کے پیداواری مقابلہ 2023-24ء کے لئے کاشتکاروں سے درخوا ستیں طلب کرلی گئیں ،جیتنے والے کاشتکا روں کے لیے کروڑوں روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے ۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق صوبہ پنجاب میں گندم کی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کے مابین صحت مندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے گندم کے پیداواری مقابلے 2023-24 کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

جیتنے والے کاشتکاروں کو کرو ڑوں روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔اس ضمن میں 5 یا5ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مردوخواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہیں۔اس کے علاوہ مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمینداران بھی اہل ہیں نیز مزارعین /ٹھیکیداران بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی طرف سے تصدیق کرانے کے بعد درخواست دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے گندم کے آبپاش علاقوں کے کاشتکار 5ایکڑ جبکہ بارانی علاقوں کے کاشتکار2 ایکڑ متصل فصل گندم جس میں کوئی بھی منظوروتصدیق شدہ قسم کاشت کی گئی ہو،مقابلہ کے لیے پیش کریں گے۔مقابلہ میں حصہ لینے کے لیے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کئے جا سکتے ہیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ  www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈکئےجا سکتے ہیں۔

فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔مقابلہ جات ضلع اور صوبائی سطح پر منعقد ہوں گے۔اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ان کے فیملی ممبرز اور گریڈ 17اوراوپر کے سرکاری ملازمین درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے جبکہ محکمہ مال، محکمہ زراعت، پنجاب کے تمام ملازمین اس مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہو ں گے۔ان کے علاوہ وہ ترقی پسندکسان جو ضلعی یا ڈویژنل کمیٹی کے ارکان مقرر ہوں گے وہ بھی اس مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہو ں گے۔

صوبائی کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہو گا۔مکمل درخواستیں 31 جنوری 2024 ء تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں وصول کی جائیں گی۔مزید معلومات ورہنمائی کے لیے کاشتکار بروز سوموار تاجمعہ دفتری اوقات میں زرعی ہیلپ لائن0800-17000 پر کال کرکے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :