غذائی استحکام کے حصول کیلئے جدید رحجانات اور تحقیقات کو کاشتکاروں تک پہنچانا ہو گا ،ڈاکٹر اقرار احمد

بدھ 27 دسمبر 2023 11:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) زراعت کو منافع بخش بنانے اور غذائی استحکام کے حصول کیلئے جدید رحجانات اور تحقیقات کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانا ہو گا تاکہ زمین کی زرخیزی، پانی، بیج، کھادوں اور دیگر جملہ مسائل پر قابو پاتے ہوئے بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے پنجاب زرعی حکمت عملی منصوبہ 2023سے 2033 تک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ زمین کی زرخیزی میں کمی واقع ہو رہی ہے جس کیلئے زرعی سفارشات کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زرعی زمین کا زیادہ تر حصہ گندم اور چاول کی کاشت پر صرف ہوتا ہے اگر ان فصلات میں متناسب پانی کو فروغ دیا جائے تو پانی کی بڑی مقدار بچائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری، پرائیویٹ اور دیگر اداروں میں تعاون کو بڑھا کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سیکٹر میں میکانائزیشن کو رواج دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ کاشتکار کی معاشی حالت میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ پیداوار میں اضافے کو بھی ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل پر مبنی تحقیقات پر کاوشیں عمل میں لائی جا رہی ہیں جس سے کاشتکار کے حقیقی مسائل حل کرتے ہوئے قابل عمل حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ اور ان پٹ کے مسائل کی وجہ سے کاشتکار اپنے متعین منافع حاصل نہیں کر پا رہا جس کو سامنے رکھتے ہوئے مارکیٹ کے نظام میں بہتری لانے کیلئے حکمت عملی تجویز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرخیز زرعی زمین کو ہاؤسنگ کالونیز و دیگر مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اس رحجان کو روکنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایگروایکولوجیکل زون اور کلسٹر کے نظام سے زراعت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بہترین بیج متعارف کروایا جاتا ہے تاہم اس بیج کو کاشتکار تک پہنچانے اور عام کرنے کے نظام کو مضبوط کرنا ہو گا اور بیج کیلئے سرمایہ کاری ضروری ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر آصف علی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پرووائس چانسلروڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں، ڈینزڈاکٹر اعجاز احمد بھٹی، ڈاکٹر قمربلال، ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈاکٹر خالد مشتاق، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی، ڈاکٹر جبران، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈاکٹر آصف کامران، ڈائریکٹر ویٹ ایوب ریسرچ ڈاکٹر جاوید، چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود و دیگر بھی موجود تھے۔