کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

بدھ 27 دسمبر 2023 12:09

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری کے مہینہ میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشتکارمرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے ایسی زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں جس میں نامیاتی مادہ وافرمقدارمیں موجود ہو کیونکہ ایسی زمین نمی دیر تک برقرار رکھنے کی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے اور مرچ کی جڑیں زمین کے نیچے سے آسانی سے خوراک حاصل کرکے خوب نشوونما پاتی ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)سیالکوٹ مرزاقدیر بیگ نے اے پی پی کوبتایا کہ کاشتکار مرچ کی پنیری کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ 10 سے 12ٹن گوبر کی گلی سڑی کھادمیں 20کلوگرام یوریاملاکر استعمال کریں اور کھیت کی آبپاشی بھی کی جائے نیز وترآنے پر 2 سے 3مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلاکر زمین کو کھلاچھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اُگ آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلاکر جڑی بوٹیوں کی تلفی کرتے ہوئے کھیت کو کھلا چھوڑ دیاجائے تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ زمین تیارکرنے کے بعد اڑھائی فٹ چوڑی اور آٹھ،دس انچ گہری کھیلیاں بناکر مرچ کی پنیری کی منتقلی کے وقت پنیری والے کھیت کی ہلکی آبپاشی بھی کی جائے اورپنیری کو کھیت سے وترحالت میں اس طرح اکھاڑا جائے کہ اس کی جڑی نہ ٹوٹنے پائیں۔انہوں نے کہا کہ مرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگاکر کھیت کو پانی لگادیاجائے۔ انہوں نے پنیری کی منتقلی کے بعد فصل کو کورے کے اثرات سے محفوظ کرنے کیلئے شمال و مغربی سایڈ پر سرکنڈے وغیرہ کی باڑ لگانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :