کاشتکاروں کوکپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے سبسڈی پر گوسیپلور روپس کی فراہمی کا فیصلہ

بدھ 27 دسمبر 2023 12:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) محکمہ زراعت نے کپاس کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے باعث فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے فیصل آباد سمیت54 تحصیلوں میں کاشتکاروں کو سبسڈی پر گوسیپلور روپس کی فراہمی کا فیصلہ کیاہے ۔ محکمہ زراعت نے کہاہے کہ حکومت کے کسان دوست اقدام کے تحت فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال اور سرگودھاڈویژنز کی تمام 54 تحصیلوں کے کاشتکاروں کو کپاس کی گلابی سنڈی کے مؤثر کنٹرول کیلئے گوسیپلور روپس سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے لہٰذا کپاس کے مرکزی و ثانوی علاقوں میں نمائشی پلاٹس لگانے والوں سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے مطابق50 ایکڑ آبپاش زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین اس سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گوسیپلور روپس کاشتکار محکمہ زراعت کی پری کوالیفائیڈ فرموں سے خود خریدیں گے جنہیں حکومت فی ایکڑ سبسڈی فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 60 فیصد سبسڈی گوسیپلور روپس خریدتے وقت اورباقی 40 فیصد سبسڈی کپاس کے اختتام پر ادا کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ کاشتکار کا ڈیٹا متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں موجود ہوگا جبکہ تحصیل، ضلع اور صوبائی سطح کی کمیٹیاں اس پروگرام کی نگرانی کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت اور محکمہ مال کے ملازمین اس سکیم سے استفادہ کے اہل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات و رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت توسیع کے قریبی دفتر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :