کسانوں کوکلراٹھی، ریتلی، سیم زدہ زمین میں بہاریہ مکئی کی کاشت سےاجتناب کامشورہ

بدھ 27 دسمبر 2023 12:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) کاشتکاروں کوبہاریہ مکئی کی کاشت 15 جنوری سے شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے زمین کےانتخاب اور اس کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں تاکہ بمپر کراپ کے حصول میں مدد مل سکے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق بہاریہ مکئی کی کاشت جو جنوری کے دوسرے پندرواڑے کے آغاز پرشروع ہوتی ہے کیلئے ایسی بھاری میرا زمین کا انتخاب ضروری ہے جو پانی کو بخوبی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو نیز ایسی زمین جس میں برسیم یا آلو کاشت کئے گئے ہوں وہاں مکئی کی فصل بہتر نشو ونما پاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کہ کلراٹھی، ریتلی اور سیم زدہ زمین کے علاوہ ایسی زمین جس کی پی ایچ 8سے زائد ہومکئی کی کاشت کیلئے موزوں نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جس زمین میں مکئی کاشت کرنی ہو اس کے اردگرد درخت نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ درختوں کے سائے میں مکئی کی فصل کامیابی کے ساتھ نہیں اگائی جاسکتی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری بھی اچھی طرح کرلینی چاہیے کیونکہ اگر مکئی آلو والے کھیتوں میں کاشت کرنی ہو تو دویا تین ہل چلا کر سہاگہ دینے سے زمین نرم اور بھربھری ہوجائے گی تاہم اگر کپاس کماد یا سورج مکھی والے وڈھ میں کاشت کرنا ہو تو وڈھ وغیرہ میں روٹا ویٹر چلاکر وڈھ کو اچھی طرح تلف کرنے کے بعد تین مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دینا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات، مشاورت، رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت، محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :