محکمہ وائلڈ لائف کی صوبے بھر میں کارروائی، 4 شکاری گرفتار

منگل 2 جنوری 2024 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2024ء) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی ہدایت پر محکمہ ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب مبین الہی کی زیر قیادت صوبے بھر میں جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار اور کاروبار کی ر وک تھام کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وائلڈلائف سٹاف بہاولنگر نے بارڈر بیلٹ ایریا تحصیل منچن آباد میں نایاب جنگلی جانور نیل گائے کے غیرقانونی شکار میں مشغول 4شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے شکار کی کوشش ناکام بناد ی۔

ملزمان کو اڑھائی لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کردیاگیا ۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع بہاولنگر منور حسن نجمی نے ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے پر اپنی ٹیم وائلڈلائف انسپکٹر کاشف امین ، انضمام الحق ، وائلڈلائف واچر حمزہ منور اور غلام علی کے ہمراہ بروقت ریڈ کرکے بارڈر بیلٹ ایریا تحصیل منچن آباد سے نایاب جنگلی جانور نیل گائے کے شکارمیں مشغول چار شکاریوں کو گرفتار کرکے شکار کی کوشش ناکام بنادی اور چاروں ملزمان کے خلاف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیا تاہم ملزمان کی درخواست پر کیس کمپائونڈ کرکے چاروں کو مجموعی طور پر مبلغ 2لاکھ پچاس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا ۔