شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے 1 ارب 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری ،پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا

جمعرات 4 جنوری 2024 13:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2024ء) پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)خیبر پختونخوا نے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ماہوار امداد کی مد میں تین اقساط پر مشتمل ایک ارب 4کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ،پی ڈی ایم اے کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے وہ متاثرین خاندان جن کی ابھی تک اپنے علاقوں میں واپسی نہیں ہوئی ہے، کیلئے پی ڈی ایم اے نے ماہوار نقد مالی امداد اور راشن کی مد میں 104 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کردیئے ہیں جو کہ فی خاندان 60 ہزار روپے بذریعہ سم میسجنگ وصول کئے جا رہے ہیں۔

کمپلیکس ایمرجینسز ونگ پی ڈی ایم اے کی ڈائریکٹر ثوبیہ حسام طورو کے مطابق چونکہ سم میسجنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 50 ہزار تک ٹرانزیکشن ممکن ہے، اس لئے متاثرین کو رواں ماہ فی خاندان40ہزار جبکہ آئندہ ماہ 20 ہزار دیئے جا سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم اے نے ایڈوانس میں متاثرین کیلئے تین ماہ کی اقساط جاز فرنچائز کے ساتھ جمع کئے ہیں اور اگلے ماہ متاثرین جاز ریٹیلرز سے بقایا ایک ماہ کے فی خاندان 20 ہزار روپے وصول کر سکیں گے ۔

پی ڈی ایم اے کے ساتھ تصدیق شدہ 18 ہزار کے قریب متاثرین خاندان اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے متاثرین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ماہوار مالی امداد کی وصولی کے وقت کسی کو کوئی اضافی پیسے نہ دیں،کسی بھی شکایت کی صورت میں پی ڈی ایم اے کے شکایات سیل کے پاس شکایت درج کرائی جا سکتی ہے جس پر پی ڈی ایم اے سخت اور فوری ایکشن لے گا۔

متعلقہ عنوان :