پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام ہندو برادری کے 122جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب ہوئی

اتوار 7 جنوری 2024 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2024ء) پاکستان ہندو کونسل کے زیراہتمام اتوار کو 17 ویں اجتماعی شادی کی تقریب ریلوےگرائونڈ میں منعقد ہوئی جس میں ہندو برادری کے 122جوڑوں کی اجتماعی شادی کی گئی ۔تقریب میں دولہا،دلہن اور ان کے رشتہ داروں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔نگراں صوبائی وزیر اطلاعات اقلیتی امور سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

نگراں وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہندو کونسل ہر سال سینکڑوں شادیاں کرواتی ہے۔تمام جوڑوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔تمام جوڑوں کو پچاس ہزار روپے فی جوڑا منارٹی میرج فنڈ سے دیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری منسٹری کے پاس اقلیتوں کے بچوں کے لیے تعلیم اور میڈیکل کے فنڈز موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

ہندو میرج لا کے حوالے سے پروگرام منقعد کریں گے ۔صوباٸ وزیر نے کہا کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کے لیے مثال قائم کرکے جائیں گے۔ایسی مثالیں قائم کریں گے جسے آنے والے تبدیل نہ کرسکیں۔پاکستان ہندو کونسل کے بانی رمیش کمار وانکوانی نے اس موقع صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوٸے کہا کہ مستحق ہندو جوڑوں کی شادیاں کروانا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ابتک 15سو جوڑوں کی شادیاں کراچکا ہوں اور اس سال 122 جوڑوں کی شادی کروارہا ہوں جس سے مجموعی تعداد 1622 ہوجاٸے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال کا آغاز اس نیک کام سے کرتا ہوں تاکہ پورا سال اچھا گزرے۔انہوں نے کہا کہ 2005 میں ہندو کونسل قاٸم کی گٸ تھی اور 2007 سے اجتماعی شادیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جو ابھی تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نٸے جوڑوں کو ضروریات کی چیزیں فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اس تقریب کا انتظار کرتی ہیں۔اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکا زندگی کا نیا سفر شروع کرنے والے جوڑوں کو شادی کی مبارک باد دے رہے تھے۔ تو وہیں تقریب میں موسیقی کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔شرکا کاکہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے اجتماعی شادیاں اچھی کاوش ہے۔تقریب میں شریک ہر دولہا دلہن کی خوشی دیدنی تھی۔