دورحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے تعلیم پر مبنی معیشت ناگزیر ہے، ڈاکٹر اقرار احمد

منگل 9 جنوری 2024 22:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2024ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ دورحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کےلئےتعلیم پر مبنی معیشت ناگزیر ہے جس کےلئےسائنسدانوں کو قابل عمل اور مسائل کے حل پر مبنی تحقیقات اور نئی ٹیکنالوجی سامنے لانا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں ہر سال ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی سویابین امپورٹ کی جاتی ہے اگر ہم اسے مقامی سطح پر فروغ دیں تو اس سے کثیر زرمبادلہ بچانے کے علاوہ روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے گزشتہ سال تعلیمی، تحقیقی اور آؤٹ ریچ کے میدان میں کامیابیاں سمیٹی ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ جامعہ کی فیکلٹی زراعت کو درپیش مسائل کے حل کےلئے کوشاں رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلد ہی یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا ایک وفد انڈیا کی زرعی یونیورسٹی لدھیانہ کا دورہ کرے گا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں قائم کردہ چائنز کنفیوشس سنٹر کے زیراہتمام جاری کورسز میں 16سو سے زائد طلباء نے گزشتہ سال تربیت حاصل کی اور ان میں سے 50 سے زائد طلباء نے اعلیٰ تعلیم کے لئےچائینز سکالرشپ حاصل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی نے گزشتہ سال650سے زائد استعدادکار میں اضافے کے لئے پروگرام منعقد کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی اخلاقی تربیت کےلئے ٹیٹوریل گروپ نظام کی تشکیل نو کی گئی ہے تاکہ طلباء میں بہترین صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے معاشرے کا فعال اور مفید شہری بنایا جا سکے۔ اس موقع پر اجلاس نے ڈین کلیہ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم خاں کے انتقال پر مغفرت و بلندی درجات کےلئے دعا کی۔