ةجامعہ کراچی اور سردار بہادر خان ویمنز یونیورسٹی بلوچستان کے مابین مفاہمتی یاد داشت پر دستخط

بدھ 10 جنوری 2024 20:30

ؒکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2024ء) جامعہ کراچی اور سردار بہادر خان ویمنز یونیورسٹی بلوچستان کے مابین مفاہمی یاد داشت پر دستخط کی تقریب بدھ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی ۔ مفاہمتی یاد داشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سردار بہادر خان ویمنز یونیورسٹی بلوچستان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے دستخط کئے ۔

مفاہمتی یاد داشت کے مطابق پہلے مرحلے میں جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (کبجی ) اور ایجوکیشن کے ساتھ اشتراک کیا جارہا ہے جس کے بعد بتدریج جامعہ کراچی کے دیگر شعبہ جات تک اس کو بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،(کبجی)اور ایجوکیشن میں سردار بہادر خان ویمنز یونیورسٹی بلوچستان کے طلبہ کو انٹرنشپ فراہم کی جائے گی۔

کبجی اور فوڈ سائنس میں سردار بہادر خان ویمنز یونیورسٹی کے طلبہ کو لیب آلات کے استعمال اور بائیو سیفٹی رسک مینجمنٹ سے متعلق مکمل تربیت فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں دونوں جامعات باہمی اشتراک سے سیمینارز ،ورکشاپس اور کانفرنسز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مشترکہ طور پر تحقیق کو فروغ دیں گے اور دونوں جامعات کے اساتذہ اورطلبہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ شرح خواندگی میں اضافہ کئے بغیر ہم اپنے اہد اف حاصل نہیں کرسکتے ۔ پاکستان کے آگے بڑھنے کا واحد راستہ تعلیم ہے جس پر سرمایہ کاری کئے بغیر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل نہیں ہوسکتے ۔ملک کے تمام اور بالخصوص بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ریاست کے ساتھ ساتھ ہم سب کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

دریں اثناء شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی قیادت میں صدرشعبہ تعلیم ، جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر رضوانہ منیر ، صدر شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، جامعہ کراچی ڈاکٹر شاہینہ ناز اور کبجی، جامعہ کراچی کی ڈاکٹر صائمہ سلیم اور جامعہ کراچی کے دیگرشعبہ جات کے اساتذہ جن میں اسٹوڈنٹ ایڈوائز ڈاکٹر نوشین رضا ، صدر شعبہ سیاسیات وپرووسٹ گرلز ہاسٹل پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید اور ڈاکٹر سید عاصم علی شامل ہیں کے ہمراہ سردار بہادر خان ویمنز یونیورسٹی بلوچستان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین کو جامعہ کراچی ایم فل پی ایچ ڈی گرلز ہاسٹل اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی (آئی سی سی بی ایس) کا دورہ کراکیا گیا۔

بعد ازاں آئی سی سی بی ایس کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین اور پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ سے بھی ملاقات کرائی گئی اور سینٹر میں ہونے والی تحقیقی وتدریسی سرگرمیوں کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی ۔