فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اشتراک سے سائبر سیکورٹی اور سوشل میڈیا کرائمز پر معلوماتی نشست کا انعقاد

بدھ 10 جنوری 2024 21:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2024ء) ایوان تجارت وصنعت ملتان میں گذشتہ روز فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے اشتراک سے سائبر سیکورٹی اور سوشل میڈیا کرائمز پر ایک معلوماتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد علی ہاشمی نے اس حوالے سے شرکاء کو آگہی دی۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی معلومات،کوائف اور تصاویر انٹرنیٹ پر کسی کو مہیا نہ کی جائیں کیونکہ اس عمل سے سائبرو سوشل میڈیا کرائمزسامنے آ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے تحقیقات کے بعد ایف آئی آر دیتا ہے جس کے لیے سرزد ہونیوالے جرم کی تفصیلات اور شواہد جمع کئے جاتے ہیں اور ٹھوس بنیادوں پر ایف آئی آر درج کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ اور شہری کسی بھی نامعلوم کال کی صورت میں حاضر دماغی سے کام لیں اور حواس باختہ ہونے کی بجائے فون کالر سے معلومات لیں اور اسکی اطلاع ایف آئی اے کو دیں تاکہ ایسے لوگوں کی حوصلہ شکنی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے ذمہ دار ایجنسی ہے اور فوری رسپانس دیتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کمپیوٹرایمرجنسی رسپانس ٹیم بھی تشکیل دے رکھی ہے جو فوری طور پر مشکل کا شکار شکایت کنندہ کو ریلیف دیتی ہے ۔انہوں نے ای کامرس،سائبر سیکورٹی اور سوشل میڈیا،اینٹی منی لانڈرنگ کے بارے میں بھی تفصیلی اظہار خیال کیا۔ سینئر نائب صدر ایوان تجارت و صنعت ندیم احمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائبر سیکورٹی اور سوشل میڈیا کرائم سے متعلق سیشن وقت کی ضرورت ہے گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اور گلوبل ویلج ٹیکنالوجی میں جدت کے باعث اس سے متعلقہ جرائم بھی بڑھ رہے ہیں جن کے سد باب کے لیے اس طرح کے آگہی سیشن ہونے چاہیں۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ گورنر روٹری انٹر نیشنل مسرور احمد شیخ،ارم مفتی،صالحہ حسن،نوید اقبال چغتائی،سید افتخار علی شاہ،سید ثاقب علی،ادریس احمد شیخ،سیکرٹری جنرل محمد شفیق و دیگر نے شرکت کی۔