Live Updates

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے وہی کام کیا جو زرداری اور نوازشریف نے کیا، اختر اقبال ڈار

پی ٹی آئی والے جھوٹے، ٹکٹ اورضمیر فروش ہیں، حلفاً کہتا ہوں میرا کبھی پی ٹی آئی سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا ،زرداری اور نواز شریف برے ہونگے مگر وہ احسان فراموش اور جلائو گھیراو کرنے والے نہیں ، نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

منگل 16 جنوری 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2024ء) چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان نے وہی کام کیا جو زرداری اورنواز شریف نے کیا،پی ٹی آئی والے جھوٹے، ٹکٹ اورضمیر فروش ہیں، حلفاً کہتا ہوں میرا کبھی پی ٹی آئی سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا ،زرداری اور نواز شریف برے ہونگے مگر وہ احسان فراموش اور جلائو گھیراو کرنے والے نہیں ۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار نے کہا کہ حامد خان نے 2،3غلط بیانیاں کیں ہیں، انہوں نے میرے بارے میں کہا کہ اختر اقبال ڈار کو پارٹی میں لیکر آنیوالا میں تھااور اختر اقبال ڈار ہم سے الائنس کرنے کی اپیلیں کرتے پھرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ بتاتا چلوں کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عمر چیمہ اور جاوید کو میرے پاس بھجوایا تھا ، بانی تحریک انصاف سے ملاقات کے بعد میں نے پی ٹی آئی جوائن کی تھی لیکن مجھے حامد خان کے بیانات پر د کھ ہوا، وہ حلف لے کر یہ بات کریں کہ میں نے ان سے اپیل کی تھی ، حامد خان میرے سامنے آئیں ،پتہ چل جائے گا وہ سچے ہیں یا میں جھوٹا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ2018ء میں23جون کو حامد خان نے فون کیا اورکہا کہ ڈار صاحب آپ نے پارٹی بنا رکھی ہے، میں نے کہا ہاں بنائی ہے، اور پارٹی کا انتخابی نشان بلے باز ہے جس پر وہ ہنس پڑے۔حامد خان نے کہا کہ مجھے پارٹی قائد بنائیں گے، میں نے اپنے دوستوں سے مشورہ کیا تو انہوں نے منع کر دیا کہ یہ یو ٹرن اور جھوٹ بولنے کے ماہر اور احسان فراموش ہیں۔

معاہدے کے سوال پر اختر اقبال ڈار نے کہا کہ اگر یہ لوگ سچے ہیں تو انہیں کہیں کہ معاہدے کی ویڈیوز اور گواہ لے کر آئیں ، اگر معاہدہ ہوا تھا تو کس نے کیا اور گواہان کون تھے ،وہ لے کر آئیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے 13جنوری کو رات 11بجے پتہ چلا کہ یہ معاہدے کا کہہ رہے ہیں ، میرے ٹکٹس پر بلے باز کا نشان ہے، مجھے معاہدے کے بارے میں مختلف علاقوں سے رپورٹس آ گئی تھیں ۔

مجھے بتا یا گیا کہ یہ دو ، دو ٹکٹیں لے کر گھوم رہے ہیں اگر معاہدہ ہوا ہے تو سامنے لے کر آئیں ، میرے بارے میں مختلف افواہیں گھوم رہی ہیںجس کا مجھے بے حد دکھ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر بندہ کوئی نا کوئی نئی کہا نی سنا رہا ہے، یہ جھوٹ میں کس حد تک چلے جاتے ہیں ، اس بات پر حیرانی ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پرانے لوگ میرے ساتھ رابطے میں ہیں ، مجھ سے حلف لے لیںمیں نے شیر افضل مروت کی کبھی شکل نہیں دیکھی ، رئوف حسن اور شیر افضل مروت بھی حلف دیں ،میں بھی دیتا ہوں اگر میں ان سے کبھی ملا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرا حلفاً بیان ہے کہ میرا کبھی پی ٹی آئی سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا ، یہ بہت جھوٹے، ٹکٹ اورضمیر فروش ہیں، زرداری اور نواز شریف برے ہوں گے مگر وہ احسان فراموش اور جلائو گھیراو کرنے والے نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے وہی کام کیا جو زرداری اورنواز شریف نے کیا،بانی پی ٹی آئی کسی کے دوست نہیں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات