این پی او کے تحت مختلف ٹریننگ پروگرام میں سرحد چیمبر کے ممبران اور خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کی شرکت کویقینی بنایا جائے ، فواد اسحق

جمعرات 18 جنوری 2024 22:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2024ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن (NPO) سے انڈیپنڈنٹ پاورپراجیکٹس ( IPPs )کے منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ این پی او کے تحت مختلف ٹریننگ پروگرام میں سرحد چیمبر کے ممبران اور خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کی شرکت کویقینی بنایا جائے ۔

حکومت خیبر پختونخوا کی صنعتوں اورکاروبار کی ترقی کیلئے بلا تعطل گیس و بجلی فراہم کرے ۔ اے پی اوکی جانب سے متعارف کئے گئے ویژن 2025ء مصنوعات میں جدت اورنت نئے طریقوں سے پیداوارمیں اضافہ کرنے میں کلیدی کردارکرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن اورسرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ تعاون سے اے پی او ویژن 2025ء کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں سرحد چیمبر کے سینئرنائب صدرثناء اللہ خان ،ْ نائب صدر اعجازخان آفریدی ،ْ ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران حاجی غلام حسین ،ْ اسماعیل صافی ،ْ قرة العین اور محمد اورنگزیب ،ْ احسان اللہ ،ْ نثار احمد ،ْ فیض رسول ،ْ اشتیاق محمد ،ْ این پی او کے جنرل منیجر وجیہہ عباسی سمیت کاروباری افراد اور این پی او کے حکام بھی موجود تھے ۔

تقریب میں NPO کے ہیڈاینگرو فوڈزفہد امتیاز اور این پی او کے جنرل منیجر وجیہہ عباسی ،ْ انچارج ریجنل آفس پشاور وسیع اللہ نے اے پی او ویژن 2025ء کے حوالے سے ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے شرکاء کو تفصیلی طورپرآگاہ کیا جس کا بنیادی مقصد ایشیاء پیسفک میں جامع ،ْ جدت ،ْ جدید طرز کے تحت پیداوار میں اضافہ کرنا ہے ۔ نیشنل پراڈکٹیویٹی آرگنائزیشن کے سینئر افسران نے بتایا کہ اے پی اوویژن 2025ء کے تحت ملک بھر میں 60 سے زائد پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جس کاآغاز سرحدچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے کیاگیا ہے ۔

انہوں نے سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق کویقین دلایا ہے کہ ان کی سفارشات کی روشنی میں این پی او بجلی کے منصوبوں کی فرانزک آڈٹ کروانے ،ْ خیبر پختونخواکی ٹریننگ پروگرام میں شرکت اور پیداوارکو جدید طریقوں سے اضافہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی بحران ملک کا ایک سنگین مسئلہ ہے اور انڈیپنڈنٹ پاور پراجیکٹس (IPPs)کے معاہدوں کا از سرنو جائزہ لے کر موجودہ انرجی کے بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے این پی او سے بجلی کے منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ خیبر پختونخوا کو اس کے بجلی وگیس کے حوالے سے آئینی حقوق سے محرو م رکھا گیا ہے جو کہ بجلی و گیس کی پیداوار میں سرپلس صوبہ ہے جس کے باوجود یہاں پر صنعتوں ،ْ کمرشل اورگھریلو صارفین کو گیس میسر نہیں ہے جبکہ گیس کے ٹیرف بڑھانے کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخواکو RLNG باسکٹ میں ڈال دیاگیا ہے جو کہ اس چھوٹے صوبے کے ساتھ سراسر زیادتی و ناانصافی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے وفاقی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی صنعتی کمرشل اورگھریلو صارفین کو گیس و بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے فوری و ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔ سرحد چیمبر کے صدر فواداسحق نے پیداوارمیں اضافے کیلئے جدید اور نت نئے طریقوں کو اپنانے کی ضرورت پرزور دیاجس میں NPO کے اقدامات اورکردار بہت اہم ہے ۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ آگاہی سیشن سرحد چیمبر کے ممبران اوربزنس کمیونٹی کیلئے کافی مفید ثابت ہوگااوروہ جدید اورنئے طریقے اپناکراپنے کاروبارکوفروغ دینے سمیت کوالٹی کوبہتربنانے اور عالمی سطح پر مقابلے کی دوڑ میں شامل ہونے میں مدد ملے گی۔ ۔