میئرکراچی نےکورنگی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی تعمیر کا سنگ بنیادرکھ دیا

منگل 23 جنوری 2024 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2024ء) میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کورنگی میں گرلز کالج کی تعمیر سے علاقے کی طالبات کو سہولیات میسر آئیں گی، بچیوں کو تعلیم دینے کے لئے ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اللہ والا ٹائون کورنگی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ٹاؤن چیئرمین محمد نعیم شیخ، وائس چیئرمین ذرین اعوان، ڈاکٹر طاہر خان، جانی میمن، احمد رضا، نوید منا،تنویر اور دیگر عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔ میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ گرلز کالج کی تعمیر سے یہ زمین قبضے سے بچ گئی، اب یہاں ہماری طالبعلم لڑکیوں کیلئے ایک بہترین تعلیمی درسگاہ بنائی جا رہی ہے، اس کالج کے اندر سیکنڈری اسکول کو بھی شامل کیا جائے گاجس سے کورنگی میں رہنے والی طالبات کو ان کی رہائش گاہ کے قریب اعلی تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میسر آئے گی، ہمارا دین کہتا ہے اعمال کا دارومدار نیت پر ہے، آج یہاں پر ہماری موجودگی اس بات کا ثبوت ہے انسان کام کرنا چاہے تو کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورنگی پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے، شہریوں کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، کورنگی کے انفراسٹرکچر، پارکوں اور برساتی نالوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔ میئر کراچی نے کہاکہ لوگوں کو تکلیف ہے مرتضی وہاب اور اس کا ٹاؤن چیئرمین کام کر رہا ہے، بہت سے لوگ اس پر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پوچھتا ہوں کورنگی میں 8ہزار، 12ہزار اور 16ہزار روڈ کس نے بنائی، آپ سب جانتے ہیں کون چائنا کٹنگ کرتا تھا اورکس نے شہر کی بہتری کیلئے کام کئے، کورنگی کازوے پر نیا فلائی اوور پیپلزپارٹی بنا کر دے رہی ہے،اس سال کے آخر میں اس فلائی اوور کو مکمل کریں گے، جام صادق پل کی تعمیر کیلئے ٹینڈر منظور ہو گیا تھا، پیپلزپارٹی کی کاوشوں کی وجہ سے ملیر ایکسپریس وے کا کام چل رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ اتوار کو ہم نے گٹر کے ڈھکن لگوانے کی مہم کا آغاز کیا ہے،حافظ صاحب کی یوسی میں جاکر بھی ہم نے ڈھکن لگوائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں ہم کام کررہے ہیں، شاہراہ نور جہاں بنا رہے ہیں، رشید ترابی، سخی حسن روڈ تعمیر کر رہے ہیں، فیڈرل بی ایریا میں شاندار اقبال پارک بنایا، جلد ہی نرسنگ اسکول شروع کرنے جا رہے ہیں، ہمیں تنقید کی سیاست سے باہر نکل کر تعمیر و ترقی کی سیاست پر یقین رکھنا چاہئے، بلاول صاحب ایک ہی بات کررہے ہیں ریاست اور پاکستان کی عوام سے بڑھ کر کچھ نہیں۔