گھریلو جھگڑے پر سفاک شوہر نے کلہاڑی کے وار کرکے بیوی اور سوتیلی بیٹی کو قتل کردیا

جمعہ 26 جنوری 2024 17:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2024ء) گھریلو جھگڑے پر سفاک شوہر نے کلہاڑی کے وار کرکے بیوی اور بیٹی کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 133 گ۔ ب پنواں میں ذوالفقار ولد رشید نے بھائی افتخار کے ساتھ مل کر گھریلو جھگڑے پر طیش میں آکر اپنی بیوی رخسانہ بی بی اور 12 سالہ سوتیلی بیٹی ایمان فاطمہ دختر عامر سہیل کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا۔

قتل کرنے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے خاتون اور بچی کی نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق ملزم اپنی بیوی سے بچی کے نان نفقہ ، والد کی جائیداد میں حصہ اور اسکے والدین کی جائیداد میں حصہ کا تقاضا کرتا تھا جس پر دونوں میں کافی عرصہ سے گھریلو جھگڑا چل رہا تھا۔

(جاری ہے)

وقوعہ کے وقت بھی دونوں میں اسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر طیش میں آکر ملزم نے بیوی اور بیٹی کو قتل کردیا۔ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ میں ماں اور بیٹی کے قتل پر سٹی پولیس آفیسر کپٹن محمد علی ضیاء نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ سی پی او نے ایس پی اقبال ڈویژن عثمان منیر سیفی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ سی پی او نے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔