آئین پاکستان ہر شہری کو اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرنے کا مکمل حق دیتا ہے، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

ہفتہ 27 جنوری 2024 17:18

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2024ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کا آئین ہر شہری کو اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرنے کا مکمل حق دیتا ہے، پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ریاستی مشینری پوری طرح متحرک ہے اور کسی کو اپنے نظریات اور عقائد کسی دوسرے مذہب یا فرقے پر زبردستی مسلط کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاتی۔

یہ بات انہوں نے ضلعی کور امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی، انچارج سکیورٹی برانچ حافظ سعید، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، صاحبزادہ ایوب خان ، پیر غلام حسین سلطانی، اشفاق نذر گھمن، مولانا احمد مصدق قاسمی، بشپ سراج ، عادل غوری، حکیم رتن لال، بچاری جشپال، ظفر عباس سمیت مختلف مذاہب اور مسالک کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مسیحی کمیونٹی کے عمائدین نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کھروٹہ سیداں میں مسیحی کمیونٹی کے تحفظات اور خدشات کے ازالہ کیلئے بروقت اقدام کرنے کا خیر مقدم کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مسیحی سمیت تمام اقلیتی مذاہب کے عمائدین کو یقین دلایا کہ ان کو بطور پاکستانی حاصل حقوق کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ کہ وہ معاشرے میں برداشت اور رواداری کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور ری ویمپنگ کے منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایکسین بلڈنگ کو ہدایت کی کہ وہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت کے مطابق اس منصوبے کو 31 جنوری تک مکمل کریں تاکہ ہسپتال میں وارڈز اور او پی ڈیز کو بحال کیا جاسکے۔