پی بی 43 کوئٹہ سے قاری نعیم الحق جمعیت علماء اسلام کے امیدوار مولانا محب اللہ کے حق میں دستبردار

پیر 29 جنوری 2024 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2024ء) جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدوار برائے پی بی 43 کوئٹہ مولانا محب اللہ نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق عام انتخابات میں حصہ لے رہا ہوں، جے یو آئی (س) کے امیدوار قاری نعیم الحق بڑیچ کی غیرمشروط دستبرداری پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کوئٹہ کی ترقی کے لیے جے یو آئی کے وزراء نے کئی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے ۔

یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پی بی 43 سے جے یو آئی س(س) کے امیدوار قاری نعیم الحق بڑیچ کی اپنے حق میں دستبرداری کے موقع پر پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر حاجی میرعثمان اچکزئی، سیٹھ کاکڑ، علماء کرام اور قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پی بی 43 سے جے یو آئی(س) کے امیدوار قاری نعیم الحق بڑیچ نے کہا کہ پارٹی قائدین کی ہدایات، علاقے کے درپیش مسائل اور کوئٹہ شہر میں مولانا محب اللہ کی سیاسی و سماجی خدمات کی بدولت ان کے حق میں غیر مشروط دستبرداری کا اعلان کرکے اپنے قبیلے اور جماعت سے مولانا محب اللہ کی بھرپور سپورٹ کی اپیل کرتا ہوں۔

مولانا محب اللہ نے کہا کہ جمعیت کے وزراء اور اراکین اسمبلی کی کوئٹہ شہر اور صوبے کے لیے تعلیم، صحت، سٹرکوں اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے خدمات سے انکار ممکن نہیں، 8 فروری کے الیکشن میں عوامی نمائندگی کا حق ادا کرنے کا موقع ملا تو حلقہ پی بی 43 کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرونگا۔