این اے 207 شہید بینظیر آباد: آصف زرداری اور سردار شیر محمد رند بلوچ مضبوط امیدوار

ہفتہ 3 فروری 2024 22:54

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) جوں جوں قوم عام انتخابات کے قریب آ رہی ہے، سیاسی جماعتیں طاقت کے مظاہروں میں مصروف ہیں، پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو اور آصف علی زرداری چلا رہے ہیں۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری این اے 207 شہید بینظیر آباد سے میدان میں اترے ہیں۔

ماضی میں اس حلقے کو این اے 213 کے نام سے جانا جاتا تھا، سابق صدر آصف علی زرداری اس حلقے سے دو مرتبہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔این اے 207 شہید بینظیر آباد سے اس بار بھی آصف علی زرداری مضبوط امیدوار ہیں جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سردار شیر محمد رند بلوچ ہیں۔این اے 207 میں شہید بینظیر آباد 1 میں کل ووٹروں کی تعداد 496037 ہے، جس میں مرد ووٹروں کی تعداد 268522 ہے اور خواتین ووٹروں کی تعداد 227515 ہے۔

(جاری ہے)

سال 2018 کے انتخابات میں سابق صدر نے انہیں 47,024 ووٹوں کی برتری سے شکست دی اور اس بار بھی اس حلقے میں زرداری کا غلبہ نظر آ رہا ہے۔االیکشن پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے 2018 کے انتخابات میں این اے 213، ضلع بے نظیر آباد( I) سے حصہ لیا تھا۔آصف علی زرداری اپنے حریف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (GDA) کے سردار شیر محمد رند بلوچ کے مقابلے میں 101,370 ووٹ حاصل کرکے فاتح قرار پائے تھے جبکہ سردار شیر محمد رند کو 54,346 ووٹ ملے تھے۔