سعودی شہری نے زرعی فارم کی سبزیاں عام افرد کے لیے مفت کر دیں

اتوار 4 فروری 2024 09:20

تبوک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2024ء) سعودی عرب کے علاقے تبوک میں ایک سعودی شہری نے گھر کے باہر سبزیوں کا زرعی فارم بنا کر عام افراد کے لیے مختص کر دیا۔ الاخباریہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی شہری مروان العطوی نے بتایا کہ مفت زرعی فارم بنانے کا خیال موسم گرما میں پانی کی سبیل لگانے سے آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابتدا میں اس نے اپنے اس زرعی فارم میں پودینہ، زعتر، ریحان اور ہرا دھنیا اگایا تھا تاہم بعدازاں فارم کو وسعت دیتے ہوئے اس میں لیموں، موسمی، انجیراور ٹماٹروں کے پودے بھی لگا دیئے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی فارم ہاؤس کے باہر ایک بورڈ بھی آویزاں کردیا ہے جس پر تحریر ہے کہ اس فارم ہاؤس میں اگنے والی سبزیاں یا پھل کوئی بھی مفت میں حاصل کر سکتا ہے، یہ سبیل ہے، قینچی اور تھیلیاں بھی موجود ہیں۔مروان العطوی نے کہا کہ جب لوگ اس فارم سے اشیا لے کر جاتے ہیں تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ اگر میرے اختیار میں ہوتا تو سڑک پر کھڑے ہو کر لوگوں میں یہ اشیا مفت تقسیم کرتا۔ انہوں نے کہا میں یہ کام میں رب کی رضا کے لیے کر رہا ہوں۔