پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش

اتوار 4 فروری 2024 13:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2024ء) پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار کی عکاسی کی گئی ہے۔ نمائش کا افتتا ح مر کزی صدر کلاتھ بورڈ اتحاد گروپ پاکستان الحاج نصیریوسف وہرہ نے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹرپنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد محمد ابرار عالم، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن خورشید جیلانی، ڈائریکٹر طارق جاوید چوہدری،ڈپٹی ڈائریکٹر عمران،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد اور فیلڈ آفیزر لائلپور میوزیم شہناز محمود ودیگر بھی موجود تھے۔۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نصیر یوسف وہرہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں نے بھارت کے جبر و تسلط کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آج ہم کشمیر کاز کے شہدا اور بھارتی مظالم کا شکار ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو پامال کرنے میں ناکام رہا ہے اور ان کی قربانیاں تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی۔ ڈائریکٹرپنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد محمد ابرار عالم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل ناگزیر ہے۔

عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لے اور مسئلہ کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔ ڈائریکٹر پریس انفارمیشن خورشید جیلانی نے نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

خورشید جیلانی نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد کشمیری عوام کی حالت زار اور ان کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ آخرمیں شہداکشمیر، افواج پاکستان اور پاکستان کی سالمیت کے لئے دعا بھی کی گئی۔ مذکورہ نمائش کو دیکھنے کیلئے طلبا و طالبات، سول سوسائٹی اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پنجاب کونسل آف آرٹس کا رخ کیا۔