پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں مدد ملے گی ، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ

اتوار 4 فروری 2024 21:40

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2024ء) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہاہے کہ ہمیں جدید اور فنی علوم کے حصول کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ باوقار روزگار کا حصولی ممکن ہوسکے،پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں مدد ملے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے افتتاح کے بعد احساس ہوگیا کہ ہمیں دوبارہ تعلیم حاصل کرنی چاہیے کیونکہ ہمارے دور میں ایسے جدید علوم کا کوئی تصور ہی نہیں تھا، جدید اور فنی علوم کے حصول کی جانب توجہ دینی چاہیے تاکہ باوقار روزگار کی حصولی ممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے تھورگو کے لوگوں نے مفت زمینیں فراہم کی ہیں، لہذا ملازمتوں میں اس علاقے کے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جانی چاہیئے،انہوں نے کہا کہ تھورگو کی ایک بڑی تاریخ ہے یہاں کے لوگوں نے ڈوگروں کو ڈنڈوں سے بھگایا ، یہ واحد جنگ تھی جس میں ہمارا کوئی بھی بندہ شہید نہیں ہوا ،انہوں نے کہا کہ ہم نے تھورگو پڑی پر غازیوں کے نام سے یادگار تعمیر کی،انہوں نے کہاکہ اچھے ٹھیکیدار ہوں تو ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوسکتے تھے، پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کی عمارت وقت سے پہلے مکمل کرنے والے ٹھیکیدار کو شاباش دیتا ہوں،اس موقع پر کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے سربراہ احمد شفیق نے کہاکہ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں فنی علوم حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ہم اسکالرشپس دیں گے۔

\378