اوگرانے یکم جنوری سے گیس کی قیمتوں میں دوسرا اضافہ کر دیا

سوئی نادرن کیلئے 35.13جبکہ سوئی سدرن کی قیمتوں میں 8.57فیصد اضافہ کیاگیا ہے ،عوام پر98ارب کا بوجھ پڑیگا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 فروری 2024 10:42

اوگرانے یکم جنوری سے گیس کی قیمتوں میں دوسرا اضافہ کر دیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 فروری2024 ء) اوگرانے یکم جنوری سے گیس کی قیمتوں میں دوسرا اضافہ کر دیا، سوئی ناردرن کی گیس کی قیمت میں مزید 35.13 فیصد اور سوئی سدرن کی گیس کی قیمت میں 8.57 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ عوام پر98ارب کا بوجھ پڑیگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 30 جون 2024 تک 98 ارب روپے کے خسارے کو پورا کرنے کیلئے یکم جنوری 2024 سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیاہے۔

رواں مالی سال 2023-24 میں گیس کی قیمتوں میں یہ دوسرا اضافہ ہے، ریگولیٹر نے 2 فروری 2024 کو گیس کی تجویز کردہ قیمت میں 1291 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کی اوسط قیمت، جو پہلے 2 جون 2023 کو طے کی گئی تھی، سے اوسطاً 23.16 فیصد اضافہ کرکے 1590 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی سفارش کی تھی۔

(جاری ہے)

اوگرا کے 2 فروری 2024 کو اس کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے گئے فیصلوں کے مطابق سوئی ناردرن گیس کی قیمت 1673.82 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے جب کہ اس سے قبل 2 جون 2023 کو مقرر کردہ قیمت 1238.68 روپے تھی۔

اسی طرح ریگولیٹر نے سوئی سدرن کی گیس کی قیمت 1350.68روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھاکر 1466.40روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی ہے۔ 
واضح رہے کہ نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کو جنوری 2024 سے گیس کی قیمتیں پھر بڑھانا ہوں گی تاکہ گردشی قرض میں اضافہ نہ ہو۔اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے نگران وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے اور امید ہے آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ بھی جلد منظوری دے دےگا۔