ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دانیال عزیز کو نوٹس جاری،کیس کی سماعت 10فروری کو ہو گی

بدھ 7 فروری 2024 18:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرامیدوار این اے 75نارووال دانیال عزیز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10فروری کو الیکشن کمیشن میں مقر ر کر دی ۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ دانیال عزیز اگر جنرل الیکشن 2024میں کامیاب قرار پاتے ہیں تو ان کا حتمی نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہو گا ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نارووال کی رپورٹ کی روشنی میں کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ امیدوار بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور ڈسٹرکٹ مانیٹر نگ آفیسر کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کا جواب دیتے ہیں اور نہ ہی حاضر ہوتے ہیں ،انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر50ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا جو انہوں نے ادا نہیں کیا جس بنا پران کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے۔