لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا 9ٹاونز میں صفائی کے لیے زیرو ویسٹ آپریشن جاری

پیر 12 فروری 2024 18:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر بھر کے 9ٹاونز میں صفائی ستھرائی کے لیے زیرو ویسٹ آپریشن جاری ہے۔ ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی عمر چوہدری کے مطابق اس حوالے سے صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی افسران نے مختلف علاقوں کے دورے کئے۔انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر موجود خستہ حال کنٹینرز کو فوری تبدیل کرنے اور روڈ سائیڈز سکریپنگ ایکٹیویٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی آپریشن ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں،مین شاہراہوں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں بھی تینوں شفٹوں میں ورکرز تعینات ہیں جبکہ شہر کے تمام عارضی کولیکشن پوائنٹس روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز گلبرگ ٹاون میں لبرٹی مارکیٹ،ایم ایم عالم روڈ،غالب مارکیٹ،مین مارکیٹ میں سڑکوں،مارکیٹوں کی واشنگ اور اندرونی علاقوں،گلی محلوں میں صفائی آپریشن کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح داتا گنج بخش ٹاون کے مختلف علاقوں ناصر باغ، سیکرٹریٹ،بھاٹی چوک،داتا دربار بازار اور ملحقہ علاقوں میں بھی خصوصی صفائی انتظامات کئے گئے۔

اس حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے کہا کہ شہریوں کو صفائی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر کی صفائی میں کسی طرح کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہو گی۔انہوں نے کہاکہ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے سے تعاون کریں، کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔