عوامی رائے کا احترام ضروری ہے، اراکین شوریٰ ہمدرد

نو منتخب اسمبلی کو عوام کی توقعات پر پورا اُترنا چاہئیے ، معیشت کی بہتری حکومت کی ترجیح ہونی چاہئیے، اجلاس سے خطاب

منگل 13 فروری 2024 22:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2024ء) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام شوریٰ ہمدرد پشاور کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز سروسز کلب پشاور صدرمیں منعقد ہوا ، جس کی صدارت ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعد یہ راشد نے کی۔ اجلاس کا موضوع ’’نو منتخب اسمبلی اور عوامی توقعات‘‘ تھا۔ اس موقع پر اسپیکر شوریٰ ہمدرد پشاور پروفیسرڈاکٹر عدنان سرور خان ، ڈپٹی سپیکر سید مشتاق حسین شاہ بخاری ،ڈاکٹر اقبال خلیل، قاری شاہد اعظم، پروفیسر حامد محمود، ملک لیاقت علی تبسم،پروفیسر غلام مصطفی،پروفیسر منور رئوف ،پروفیسر غزالہ یوسف اور کنول آفتاب خٹک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل میں عوام کی رائے کا احترام ناگزیر ہے، حکومت اُن لوگوں کودی جائے جنہیںعوام نے مینڈیٹ دیا ہے اور منتخب کیا ہے،عوام کے ووٹ کو عزت دینی چاہئیے، اُنہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی لحاظ سے مسائل و مشکلات کے گرداب میں گھِرا ہوا ہے،آنے والی حکومت کو جن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا ان میں سب سے زیادہ ضرورت معیشت کی بہتری کی ہے، ہمیں اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے معیشت کی طرف توجہ دینی چاہئیے۔

(جاری ہے)

حکومت وقت کو اپنی ترجیحات طے کرنی چاہئیں۔نو منتخب اسمبلی کو عوام کی توقعات کو اہمیت دینی چاہئیے۔اراکین شوریٰ نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو تعلیم کے سٹرکچر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، نصاب میں بچوں کو سچائی، ایمانداری، پابندی وقت کے بارے میں پڑھانا چاہئیے ۔اسی طرح نوجوانوں میںسکلڈ بیسڈ ایجوکیشن کی بھی ضرورت ہے۔