اے این پی کا انتخابی نتائج کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

انتخابی نتائج میں ردو بدل کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز 20 فروری سے ہو گا،ترجمان اے این پی

بدھ 14 فروری 2024 17:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2024ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتائج میں ردوبدل کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں اے این پی قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مکمل طور پر ناکام رہی اور کوئی بھی نشست حاصل نہ کر سکی، اسی معاملے پر اے این پی کے رہنما اور سابق وزیراعلی کے پی امیر حیدر خان ہوتی نے تمام پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کیا تھا۔

اب ترجمان اے این پی نے بتایاکہ انتخابی نتائج میں ردو بدل کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز 20 فروری کو ضلع صوابی سے ہو گا، مظاہرے میں صوبائی و مرکزی قیادت، امیدواران اور کارکنان شریک ہوں گے جبکہ دوسرا احتجاجی مظاہرہ چارسدہ میں 23 فروری کو کیا جائے گا۔اے این پی ترجمان کے مطابق صوابی اور چارسدہ کے بعد پورے صوبے میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔