پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کی رابطہ کمیٹیوں کا اجلاس

اتوار 18 فروری 2024 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کی رابطہ کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت سازی سے متعلق متعدد تجاویز پر غور کیا گیا اور مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جماعتوں کی رابطہ کمیٹیوں نے ہر طرف سے تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس وقت ایک مستحکم جمہوری حکومت کا قیام قوم کے لئے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

فریقین نے سفارشات پر مزید تبادلہ خیال کرنے اور اپنے فیصلوں کو حتمی شکل دینے کے لئے پیر کو دوبارہ ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور ملک محمد احمد خان نے شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی سید مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، سعید غنی، ندیم افضل چن، نواب ثنا اللہ زہری، شجاع خان اور سردار بہادر خان سحر نے کی۔