خیبر پختونخوا کے کچھ مقامات میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برباری کا آغاز

اتوار 18 فروری 2024 14:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2024ء) خیبر پختونخوا کے کچھ مقامات میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برباری کا آغاز ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق بارش اور برفباری کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں ترجمان اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مالم جبہ،کالام ،گبین جبہ اور دیگر سیاحتی مقامات جانے والے سیاح گاڑیوں میں چین کا استعمال ضرور کریں،برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا، سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹورازم پولیس کے نوجوان تعینات کیے گئے ہیں۔

سیاح برف باری والے مقامات پر جانے سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ترجمان کے مطابق برف باری والے مقامات پر جانے والے سیاح گاڑیوں میں چین کا استعمال کریں، دوران سفر پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کریں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاراچنار اور قریبی علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

سینٹرل کرم میں بھی ہلکی برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی جبکہ وادی نیلم میں بارش اور بالائی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے، نیلم، اپر نیلم، لوات بالا شاردہ، اڑانگ اور کیل ہلمت تاوبٹ میں برفباری سے بالائی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 فروری تک خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے ، چترال ، دیر ، بونیر ، کرک، سوات ، ایبٹ آباد ، پشاور ، چار سدہ، مانسہرہ اور دیگر شہروں میں وفقے وفقے سے بارشیں ہو سکتی ہیں۔

اسی طرح سوات کے سیاحتی مقامات مالم جبہ اور کالام کے علاوہ وادی کاغان اور مری میں برفباری جاری ہے۔مسلسل برفباری کے بعد سیاحتی مقامات میں ہر سو سفیدی چھاگئی، خوبصورت نظاروں سے لطف اٹھانے سیاحوں نے سوات کا رخ کرلیا۔میدانی علاقوں مینگورہ اور دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اسی طرح ایبٹ آباد شہر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا، مقامی لوگ انگیٹھیاں جلاکر سردی کی شدت دور کرنے پر مجبور ہیں۔موسمیات کے مطابق کوائی کاغان وادی میں وقفے وقفے سے برف باری ہو رہی ہے۔