اسرائیل کے دمشق پر میزائل حملے، حفاظتی زون میں کثیر منزلہ عمارت ہدف بنی

اسرائیلی میزائل حملہ ایک رہائشی عمارت پر تھا مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،غیرملکی میڈیا

بدھ 21 فروری 2024 16:10

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2024ء) اسرائیل نے بدھ کے روز شامی دارالحکومت دمشق کے اہم ضلع کافر ساسہ کی رہائشی عمارت پر میزائل حملہ کیا ہے۔ اس عمارت کے پڑوس میں کئی دوسری رہائشی عمارات کے علاوہ تعلیمی ادارے اور ایرانی ثقافتی مرکز بھی واقع ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ علاقہ اور حملے کی زد میں آنے والی عمارت انتہائی حفاظتی حصار کے اندر سمجھی جاتی ہے۔

اس ضلع میں اسرائیل نے پچھلے سال فروری میں بھی حملہ کیا تھا ، جس کے نتیجے میں ایرانی فوجی ماہرین کی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ اب ایک سال بعد ایک بار پھر اسی 'ہائی سیکیورٹی زون میں واقعہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیلی میزائل حملہ ایک رہائشی عمارت پر تھا مگر کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے نے ایک کثیر منزلہ عمارت کی ایک ایسی تصویر رپورٹ کا حصہ بنائی ہے جس میں عمارت کا ایک حصہ کھایا گیا ہے۔

عینی شاہدین نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں کی آوزایں سنی گئیں۔ جس سے قریبی سکول کے بچے خوفزدہ ہو گئے۔اس کے بعد ایمبولینسز کو دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔دوسری جانب فوری طور پر اسرائیلی فوج کی طرف سے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ ایران شامی صدر بشارالاسد کا دیرینہ حامی ہے اور شام کی حالیہ خانہ جنگی میں بھی ایران نے بشارالاسد کا ساتھ دیا ہے، ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ اور ایرانی تنصیبات بھی شام میں اسرائیلی فوج کے اہم اہداف میں شامل رہی ہیں۔