سندھ ہائیکورٹ کا پی ٹی اے کو ملک بھر میں ایکس (ٹوئٹر)بحال کرنے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی اے اور دیگر فریقین سے اس حوالے سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا

جمعرات 22 فروری 2024 17:18

سندھ ہائیکورٹ کا پی ٹی اے کو ملک بھر میں ایکس (ٹوئٹر)بحال کرنے کا حکم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو ملک بھرمیں سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر)بحال کرنیکاحکم دے دیا،عدالت عالیہ ے حکم دیا ہے کہ ایکس کی سروس بغیر کسی خلل اور بندش کے بحال رکھی جائے۔سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی اے اور دیگر فریقین سے اس حوالے سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا۔عدالت نے پی ٹی اے کو بلا جواز انٹر نیٹ، ویب سائٹس، ایکس سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنے سے روک دیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزیرِ داخلہ نے بیان دیا ہے کہ ایکس بند کرنے کی ہدایت جاری نہیں کی گئی، نگراں وزیرِ آئی ٹی نے بیان دیا ہے کہ انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کو چار چاند لگا دیئے ہیں، وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ، وزیرِ آئی ٹی وی پی این لگا کر ایکس استعمال کر کے قوم کو بتا رہے ہیں کہ ایکس بند نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے سوال کیا کہ کون بند کرتا ہے کس نے حکم دیا ہے بند رکھنے کا درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ایکس بند رکھنے، سروس کو سلو رکھنے کا اختیار صرف پی ٹی اے کے پاس ہے، پی ٹی اے سے پوچھا جائے کہ کس نے ایکس بند رکھنے کی ہدایت جاری کی صحافیوں اور جن کی روزی روٹی ایکس سے وابستہ ہے انہیں شدید مشکلات ہیں، ذرائع ابلاغ اور ریسرچ سے وابستہ لاکھوں افراد کو ایکس کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے، غزہ، فلسطین کو ایڈز فراہم کرنے والوں اور معلومات تک رسائی کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے سوال کیا کہ کتنے دن سے ایکس سروس بند ہی ہم نے پہلے بھی ایک درخواست میں انٹر نیٹ سروس کھولنے کا حکم دیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ یہ درخواست اس کیس سے مختلف ہے، جس دن کمشنر راولپنڈی نے بیان دیا تھا ہم نے کس طرح دھاندلی کرائی اس دن سے ایکس بند ہے، کمشنر راولپنڈی کے اعتراف کے بعد لوگوں تنقید کر رہے تھے، 5 روز سے وہ لوگ پریشان ہیں جن کا روز گار ایکس سے وابستہ ہے۔