نیپرا نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی بلنگ میں بے ضابطگیوں پر تسلی بخش جواب موصول نہ ہونے پر ہدایات جاری کر دیں

جمعہ 23 فروری 2024 18:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2024ء) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) بشمول کے الیکٹرک کی بلنگ میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں پر تسلی بخش جواب موصول نہ ہونے پر ہدایات جاری کر تے ہوئے انکوائری رپوٹ میں کی جانے والی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

ترجمان نیپرا کے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق اتھارٹی نے تقسیم کار کمپنیوں کو 2 ماہ سے خراب میٹرز کو فوراً تبدیل کرنے اور ان میٹرز پر اوسطاً بل چارج کر نے کی بجائے اصل میٹر ریڈنگ کے حساب سے بل وصول کرنےکا حکم دیا ہے۔ اتھارٹی نے تقسیم کار کمپنیوں کوہدایات جاری کی ہیں کہ وہ پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی سے رابطہ کر کےجون 2023 سے اب تک جن صارفین کی کیٹیگری 30 دن سے زائد بلنگ کی وجہ سے پروٹیکٹڈ سے نان پروٹیکٹڈ میں تبدیل ہوئی ہے اسے ٹھیک کریں۔

(جاری ہے)

نیپرا نے لیسکو کمپنی کو پی آئی ٹی سی میں ریکارڈ نہ ہونے کی بنا پر اسے اپنے ریکارڈ کی بنیاد پر کیٹیگری کو ٹھیک کرنےاور فوراًاپنے بلنگ ریکارڈ کو پی آئی ٹی سے الحاق کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ اتھارٹی نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کو اس غیر قانونی عمل میں ملوث افسران کے خلا ف کاروائی کرنے کی بھی ہدایت کی اور حیسکو ، سیپکو ، ٹیسکو اور پیسکو کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ جولائی 2018 سے جون 2023 تک سرکل کی سطح پر وصول نہ ہونے والے بلوں کی جانچ پڑتال کریں اور اس عمل میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

ترجمان نے بتایا کہ میپکو، کیسکو اور لیسکو کمپنیاں بھی جولائی 2018 سے جون 2023 کے دوران غیر وصول شدہ بلوں کو فوراًوصول کریں۔ نیپرا نے ہدایت کی کہ تمام تقسیم کار کمپنیاں سختی سے کنزیومر سروس مینول اور ٹیرف کے قانون کے مطابق 30 دن کے بلنگ سائیکل پر عمل کریں،مزید برآں تقسیم کار کمپنیاں اپنے ملازمین کو کنزیومر سروس مینول اور ٹیرف کے قانون کے حوالے سے آگاہی بھی پیدا کریں۔ اتھارٹی نے کہا کہ تمام تقسیم کار کمپنیاں 1 ماہ میں تمام ہدایات پر عمل درآمد کرنے کی پابند ہیں اور1 ماہ میں عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں تقسیم کار کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔