سیاسی جماعت کی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی دھمکی سے معاشی مشکلات بڑھیں گی،یو بی جی

جمعہ 23 فروری 2024 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2024ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدر زبیرطفیل، چیئرمین سندھ زون خالدتواب اورپیٹرولیم و سی این جی انڈسٹری کے لیڈرملک خدا بخش نے ایک سیاسی جماعت کی قیادت کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی دھکمیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مفادات کوسیاسی اختلافات کی نذر نہ کیا جائے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو ختم کرکے سب سے پہلے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں۔

جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یو بی جی رہنمائوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو پاکستان مخالف کاروائیوں کی دعوت دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ زبیرطفیل نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور اس مرحلے پر ایسا کوئی قدم نہ اٹھایا جائے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی حکومت معاشی اصلاحات ٹیکسٹائل آئی ٹی اور زرعی شعبے پر توجہ سے صورتحال بہتر بناسکتی ہے۔

خالدتواب نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کیلئے معاشی ایجنڈا اولیت ہونا چاہیئے اور جو بھی سیاسی اختلافات ہیں انہیں اسمبلی میں جاکر حل کرانا چاہیئے۔ملک خدا بخش نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی قیادت کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کابیان پاکستان کیلئے مزید مشکلات کا سبب بنے گا،سیاسی جماعت کی قیادت کو آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے بجائے معاشی بحالی کاروڈ میپ دینا چاہیئے ۔