پنجاب یونیورسٹی میں لڑائی جھگڑے کے مقدمے میں گرفتار 18 طلبہ کا جسمانی ریمانڈ منظور

جمعہ 23 فروری 2024 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2024ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پنجاب یونیورسٹی میں فائرنگ اور طلبہ کے درمیان لڑائی جھگڑے کے مقدمے میں گرفتار 18طلبہ کا7دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے کیس پر سماعت کی، جمعہ کے روز سماعت پر پولیس نے گرفتار طلبا سجاد خان ، عبداللہ ، ولی خان ،سیف اللہ ، نصراللہ ، عصمت اللہ ، شاکر خان ، سمیت اٹھارہ ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر انسپکٹر نوید انجم نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے تفتیش اور اسلحہ برآمدگی کے لیے جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے، یہ نام نہاد طالب علم ہیں جو یونیورسٹی کا ماحول خراب کر رہے ہیں۔ملزمان کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ملزمان طالب علم ہیں غلط طور پر مقدمہ میں ملوث کیا گیا،عدالت ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے۔ملزمان کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں لڑائی جھگڑے فائرنگ کا تھانہ مسلم ٹاون میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔