پی ٹی آئی کی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی دھمکی سے معاشی مشکلات بڑھیں گی،یو بی جی

سیاسی اختلافات کی نذرکرنے کے بجائے معاشی بحالی کاروڈ میپ دینا چاہیئے،زبیرطفیل،خالدتواب،ملک خدا بخش

جمعہ 23 فروری 2024 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2024ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدراورایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیرطفیل،چیئرمین سندھ زون اور سابق سینئرنائب صدر ایف پی سی سی آئی خالدتواب اورپیٹرولیم ور سی این جی انڈسٹری کے لیڈر،یو بی جی کورکمیٹی کے رکن،انٹرنیشنل ڈائریکٹر لائنز کلب، ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے "انرجی"کے کنوینر ملک خدا بخش نے ملکی سیاسی جماعتوں کے قائدین کوجلد قومی حکومت بنانے،سیاسی اختلافات ختم کرکے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے آئی ایم ایف کوپاکستان کو امداد کی فراہمی رکوانے کیلئے خط لکھنے کی دھکمیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملکی مفادات کوسیاسی اختلافات کی نذر نہ کیا جائے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو ختم کرکے سب سے پہلے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں۔

(جاری ہے)

یو بی جی رہنمائوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو پاکستان مخالفف کاروائیوں کی دعوت دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ زبیرطفیل نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور اس مرحلے پر ایسا کوئی قدم نہ اٹھایا جائے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت معاشی اصلاحات ٹیکسٹائل آئی ٹی اور زرعی شعبے پر توجہ سے صورتحال بہتر بناسکتی ہے۔

خالدتواب نے کہا کہ ملک کی تمام ہی سیاسی جماعتوں کیلئے معاشی ایجنڈا اولیت ہونا چاہیئے اور جو بھی سیاسی اختلافات ہیں انہیں اسمبلی میں جاکر حل کرانا چاہیئے۔ملک خدا بخش نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی بدترین حالات سے دوچار ہے اور ان حالات میں پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کابیان پاکستان کیلئے مزید مشکلات کا سبب بنے گا،پی ٹی آئی کی قیادت کو آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے بجائے معاشی بحالی کاروڈ میپ دینا چاہیئے ۔