گوادر یونیورسٹی میں متنوع سوسائٹی کے عنوان پر لیکچر سیشن کا انعقاد

جمعہ 23 فروری 2024 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2024ء) گوادر یونیورسٹی کے شعبہ آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام "متنوع سوسائٹی" کے عنوان پر یونیورسٹی سیمینار ہال میں ایک فکر انگیز لیکچر سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ لیکچر سیشن میں ممتاز سکالر اور گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

لیکچر سیشن میں پرو وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، رجسٹرار دولت خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس پروفیسر ڈاکٹر جان محمد ، ڈائریکٹر ڈاکٹر کیو ای سی کمبر فاروق، ڈائریکٹر اورِک محمد ارشاد بلیدی، ڈائریکٹر سپورٹس صغیر نسیم، ڈائریکٹر فنانشل ایڈز شہیک علی، چیئرپرسن شعبہ کمپیوٹر سائنس ہیم گل، انچارج پبلک ریلیشن نصیر محمد کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبہ جات کے طلبانے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر صابر نے متنوع معاشرے کے تناظر میں درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مملکت خداداد پاکستان کے معاشرتی تنوع کی مختلف جہتوں کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا، جن میں ثقافتی، مذہبی اور سماجی و اقتصادی پہلو شامل ہیں جو کہ انسدادِ تخریب کی موثر حکمت عملی بنانے کے لیے اہم اجزاہیں۔ ڈاکٹر صابر نے رواداری اور شمولیت کو فروغ دینے میں تعلیم کے کردار کے حوالے سےاس بات پر زور دیا کہ ایک تعلیم یافتہ معاشرہ ہی تفرقہ انگیز اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بہتر طور پر لیس ہوتا ہے۔ قبل ازیں یونیورسٹی آف گوادر کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد نے بصیرت انگیز تناظر اور اسٹریٹجک بصیرت کے ساتھ متنوع سوسائٹی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔