گندم کی فصل کی بہتر نگہداشت سے زیادہ پیداوارکا حصول یقینی ہوسکتا ہے،زرعی ماہرین

منگل 27 فروری 2024 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کو بارش اور تیز ہوا کی صورت میں فصلوں پر کیڑے مار ادویات کے سپرے نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار محکمہ زراعت کے افسران کی مشاورت سے منظور شدہ ادویات کا سپرے کریں تاکہ فصل کو کیڑے مکوڑوں سے بچا کر فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے فری ہیلپ لائن قائم کر رکھی ہے جبکہ محکمہ زراعت کا عملہ ہمہ وقت ان کی خدمت کے لئے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کسانوں میں شعور و آگاہی پید انہیں ہو گی اس وقت تک زرعی خود کفالت کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو گندم کی فصل کی زیادہ پیداوارکے حصول کے لئے بہتر نگہداشت کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :