سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف (کل) یادگار دستور اور باغ دستور کا افتتاح کریں گے

منگل 27 فروری 2024 15:58

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف (کل) یادگار دستور اور باغ دستور کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کل (بدھ) دن دو بجے یادگار دستور اور باغ دستور کا افتتاح کریں گے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق شاہراہ جمہوریت(ڈی چوک) پر واقع باغ دستور میں ہونے والی تقریب میں اراکین پارلیمان ، آ ئین کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے بنائی گئی مشاورتی کمیٹی کے اراکین، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندے شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یادگارِ دستور اور باغِ دستور پاکستان کی تاریخ میں آئین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ شاہراہ جمہوریت پر واقع یادگار اور باغ دستور 1973 کے آئین کی عظمت کی مکمل تصویر پیش کرتے نظر آتے ہیں۔ ایک طرف جہاں یادگار دستور کی بلند پایہ تختیوں پر آئین پاکستان میں منظور کیے گئے بنیادی انسانی حقوق درج ہیں تو دوسری طرف آئین پاکستان کو تشکیل دینے والی آئینی کمیٹی کے نام کندہ کیے گئے ہیں۔یادگار دستور کی دیواروں کے درمیان لہلہاتا سبز ہلالی پرچم قومی یکجہتی کی علامت ہے۔ سرسبز و شاداب باغ دستور میں آئین کے آرٹیکلز کی مناسبت سے درخت بھی لگائے گئے ہیں ۔