فرانس کے صدر کا یورپی ممالک کی طرف سے یوکرین میں فوجی دستے بھیجنے کا عندیہ

منگل 27 فروری 2024 16:02

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے یورپی ممالک کی طرف سے یوکرین میں فوجی دستے بھیجنے کا عندیہ دیا ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر اس معاملے پر اتفاق رائے موجود نہیں ہے۔ رائٹرز کے مطابق یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی میں تاخیر کے مسئلہ پر غور کے لئے بلائے گئے اجلاس میں یورپی ممالک نے یوکرین کو مزید جنگی سازوسامان کی فراہمی کے لئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اجلاس میں شریک 20 کے قریب یورپی رہنما ئوں نے روس کو یوکرین جنگ میں فتح سے روکنے کے لئے سب کچھ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فرانسیسی صدر نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران یوکرین کے خلاف روسی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے اور روسی فوج کو پیچھے دھکیلنے میں ابتدائی کامیابیوں کے بعد، یوکرین کو مشرقی میدان جنگ میں دھچکا لگا ہے اور یوکرینی جرنیلوں نے ہتھیاروں اور فوجیوں کی کمی کی شکایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی فراہمی کو تیز کرنے کے لیے ایک اتحاد پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو نے یوکرین کو فوجی امداد دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ نیٹو اور یورپی یونین کے کئی رکن ممالک کی طرف سے یوکرین میں فوجی دستے بھیجنے پر غور انتہائی خطرناک ہے۔اجلاس سے یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا ۔

انہوں نے روس کے خلاف جنگ کو جیتنے کے لئے یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی تیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دو سال قبل تک کئی یورپی ممالک یوکرین کو ٹینک، لڑاکا طیارے اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل راہم کرنے کے حق میں نہیں تھے لیکن آج ان کا نقطہ نظر تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی میں تاخیر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں لڑنے کے لیے یورپ کو امریکا پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔

اجلاس میں یوکرین کے لیے تازہ ترین فوجی امدادی پیکج کی امریکی کانگریس سے منظوری میں تعطل کے باعث امریکا پر تنقید بھی کی گئی۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ امریکا کا یوکرین میں لڑنے کے لیے فوجی دستے بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نہہی نیٹو کا کوئی ایسا منصوبہ ہے۔پرتگال کے وزیر اعظم انتونیو کوسٹا نے کہا کہ یوکرین کو اسلحہ و گولہ بارود کی فراہم کے لئے وزرائے دفاع کو اگلے 10 دنوں کے اندر ایک منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اس موقع پر نیدر لینڈز کی طرف سے یوکرین کے لئے بیرون ملک سے اسلحہ کی خریداری کے لیے 100 ملین یورو فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔\932