ہالینڈز کی عدالت نے موکرو مافیاگروپ کے سرغنہ ردوان تاگھی کو عمر قید کی سزا سنا دی

منگل 27 فروری 2024 21:36

ایمسٹرڈیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) ہالینڈ کے سب سے بڑے ٹرائلز میں سے ایک میں عدالت نے موکرو مافیاگروپ کے سرغنہ ردوان تاگھی کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے ۔ 46 سالہ تاگھی ایمسٹرڈیم میں مقیم "موکرو مافیا" نامی گروپ کا مبینہ ماسٹر مائنڈ ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ہالینڈ کے سب سے بڑے کوکین ڈسٹری بیوٹرز میں سے ایک ہے۔

مقدمے کی سماعت کے دوران سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی تھی جبکہ ججز اور اسغاثہ کے نام خفیہ رکھے گئے،اس6سالہ میگا ٹرائل سے براہ راست منسلک کم از کم 3 افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ایمسٹرڈیم ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں ملوث تمام 17 مشتبہ افراد کو سزا سنا رہے ہیں، ردوان تاگی کو عمر قید کی سزا دی گئی جبکہ 16دیگر ملزمان کو عمر قید ، 1 سال اور9ماہ کے درمیان قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیلوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ تاگی کی سزا پر 25 سال بعد نظرثانی کی جا سکتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ خود بخود پیرول کے لیے اہل ہو جائے گا ،تاگی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھا۔ ہالینڈ کا انتہائی مطلوب مفرور، تاگی کو 2019 میں دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔