پاکستان نے 77 گروپ اور چین کے ویانا چیپٹر کے چیئر کے طور پر کامیابی کے ساتھ اپنی مدت مکمل کرلی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 1 مارچ 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) پاکستان نے 77 گروپ اور چین کے ویانا چیپٹر کی چیئر کے طور پر کامیابی کے ساتھ اپنی مدت 28 فروری کو مکمل کر لی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ اپنی صدارت کے دوران پاکستان کی توجہ ترقی پذیر ممالک کے لیے تشویش کے اہم مسائل کو حل کرنے پر تھی جن میں جنگیں، جغرافیائی سیاسی تنازعات، موسمیاتی آفات، معاشی مشکلات، غربت اور بھوک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ترقی پذیر ممالک کی ضروریات کو ترجیح دینے والے اتفاق رائے سے حل تلاش کرنے کے لیے تنظیموں کے درمیان تعاون پر زور دیا۔ اس کا مقصد گروپ کے ممبران کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا جبکہ سائوتھ سائوتھ اور تکونی شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔ترجمان نے کہاکہ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کی مدت کی تکمیل پر گروپ کے ساتھ پاکستان کی مسلسل وابستگی اور ان اقدار، نظریات اور اصولوں کی نمائندگی کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔