سٹیٹ بینک انٹرنینشل بینکنگ کورس کے گیارہ ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکاء کا دورہ لاہور چیمبر

صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے وفد کے اراکین کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے ،ملکی و عالمی معاشی منظرنامے کا تجزیہ پیش کیا

پیر 4 مارچ 2024 22:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) 52ویں انٹرنیشنل بینکنگ کورس، سٹیٹ بینک آف پاکستان کے 11 مختلف ممالک بشمول آذربائیجان، سری لنکا، افغانستان، الجزائر، ایران، مالدیپ و دیگر سے تعلق رکھنے والے اکیس شرکاء نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے وفد کے اراکین کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے اور ملکی و عالمی معاشی منظرنامے کا تجزیہ پیش کیا۔

اس موقع پراسٹیٹ بینک اسلام آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد تبریز، ڈپٹی ڈائریکٹر سٹیٹ بینک لاہور صائمہ لائق اور وزارت خزانہ کے اوگورصالح نے بھی خطاب کیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ تمام غیر ملکی بینکرز جنہوں نے اس کورس کے لیے پاکستان کا دورہ کیا ہے وہ یہاں بہترین وقت گزاریں گے، پاکستانی امن پسند اور مہمان نواز قوم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور ملک کا دوسرا بڑا تجارتی اور صنعتی مرکز ہے جس کا قومی جی ڈی پی اور برآمدات میں حصہ نمایاں ہے۔

یہاں ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، فوڈ پروسیسنگ، آٹو پارٹس، انجینئرنگ، پلاسٹک، کیمیکل، پیپر اینڈ بورڈ، الیکٹرانکس، آئرن اینڈ اسٹیل اور پیکیجنگ وغیرہ جیسی اہم صنعتیں واقع ہیں جبکہ یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی اہم مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ اور قائداعظم بزنس پارک جیسی بڑی انڈسٹریل سٹیٹس بھی واقع ہیں۔

لاہور چیمبر سو سالہ تاریخ کا حامل ہے ، آج اس کے ممبران کی تعداد پینتیس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر کا بنیادی کام پالیسی ایڈووکیسی ہے۔ یہ جامع بجٹ تجاویز تیار کر کے حکومت کو غور کے لیے بھیجتا ہے تاکہ ٹیکس کی بے ضابطگیوں کو دور کیا جا سکے اور نجی شعبے کے نمائندوں کو نئے کاروباری اقدامات کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر حکومت کو انڈسٹریل، انویسٹمنٹ، ایس ایم ای اور تجارتی پالیسیز پر رائے دیتا ہے جبکہ ممبران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کرتا ہے۔ حال ہی میں لاہور چیمبر نے اپنے ممبران کو مفت ٹیکس ایڈوائزری خدمات فراہم کرنے کے لیے ٹیکس کلینک کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر باقاعدگی سے ایمبیسیڈرز ڈنر، اچیومنٹ ایوارڈز، ایکسپورٹ ٹرافی، آئی آئی ٹی ایوارڈز، آئی ٹی فری لانسنگ ایوارڈزسمیت دیگر اہم تقریبات منعقد کرتا ہے جبکہ ممبران کی سہولت کے لیے بہت سے تعلیمی اور طبی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

کاشف انور نے شرکاء کو بتایا کہ لاہور چیمبر اپنے اراکین کی زیادہ سے زیادہ سہولت کے لیے اسمارٹ سروسز کا قیام عمل میں لایا ہے اور بہت سے وفاقی و صوبائی اداروں کے ہیلپ ڈیسک لاہور چیمبر میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر سماجی شعبہ میں بھی پوری طرح سرگرم عمل ہے۔ سٹیٹ بینک اسلام آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد تبریز نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کے ٹریننگ ونگ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مشترکہ طور پر اس پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ وزارت اکنامک افیئرز گزشتہ 10 سالوں سے اس پروگرام کا انعقاد کر رہی ہے جبکہ پاکستان 1968 سے اس قسم کی تربیت کا انعقاد کر رہا ہے اور اب تک 105 ممالک کے 1000 سے زائد مندوبین ان کورسز میں حصہ لے چکے ہیں۔