شدید سردی میں گیس کی بندش عوام دشمنی ہے، ملک نصیر شاہوانی

سریاب روڈ کے اکثر علاقے اور شہر کی وسطی آبادی سمیت مری آباد ودیگر علاقوں میں گیس پریشر کی شدید قلت ناقابل برداشت ہے

پیر 4 مارچ 2024 22:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2024ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سابق پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی، ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و ضلعی صدر غلام نبی مری اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاوید ہزارہ نے شدید سردی میں گیس کی بندش کو عوام دشمنی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سریاب روڈ کے اکثر علاقے اور شہر کی وسطی آبادی سمیت مری آباد ودیگر علاقوں میں گیس پریشر کی شدید قلت ناقابل برداشت ہے۔

بی این پی اس ظلم و ناانصافی اور محکمہ گیس کی غفلت کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے نکلنے والی گیس سے بڑے صوبے کے کارخانے تو چلتے ہیں مگر بلوچستان کے عوام کے چولہے نہیں جل سکتے۔ کوئٹہ کے اکثر علاقوں میں گیس پریشر نا ہونے کی وجہ سے عوام سراپا احتجاج ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو گیس جیسی بنیادی ضرورت سے محروم رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے ہم نے کئی مرتبہ گیس حکام سے مل کر اس مسئلہ کی سنگینی اور عوام کی تکالیف سے آگاہ کیا مگر کوئی توجہ نہیں دی۔

انہوں نے گیس حکام اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کو مستقل طور پر حل کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کر کے عوام کو اس مشکل سے نجات دلائی جائے بصورت دیگر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔