ڈپٹی کمشنر سوات کی زیرِ صدارت ضلعی پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس، ماہ رمضان میں شہریوں کو بہتر سہولیات دینے کیلئے پلان تیار

پیر 4 مارچ 2024 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان کی زیر صدارت ضلعی پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی منیر حلیمزی، ڈی ایف سی سوات شہاب الدین، ڈپٹی ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی شکیل احمد خان، سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، ہوٹلز ایسوسی ا یشن کے صدر حاجی زاہد خان اور مختلف کاروباری تنظیموں کے صدور و نمائندگان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کیا گیا اور رمضان المبارک میں مینگورہ شہر سمیت ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے جامع پلان تشکیل دیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تنبیہہ کی کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ کرنے والوں کو جیل بھیجوایاجائیگا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی رعائتی نرخوں پر فراہمی اولین ترجیح ہے اور رمضان المبارک کے لئے خصوصی ٹیمیں بنا رہے ہیں جو قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے پر خصوصی طور پر کام کریں گی۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران سستا بازار لگانے اور اس کیلئے تیاری مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔ اجلاس میں تمام بڑے بازاروں میں سیکورٹی اور ٹریفک کے لئے خصوصی پلاننگ کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔