5 مارچ سے مستحق افراد تک راشن پہنچانے کا عمل شروع کیا جائے گا ،اے ڈی سی آر

پیر 4 مارچ 2024 22:00

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی نے کہا ہے کہ نگہبان رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کی تصدیق کا عمل جاری ہے، مستحق افراد کی دہلیز تک عزت و احترام سے خشک راشن پہنچایا جائے گا، اس سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان پیکج کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر گجرات حیدر عباس ، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں زوہیب ممتاز اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فیصل شبیر اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ راشن میں 10 کلو آٹا، دو کلو چینی، دو کلو چاول، دو کلو بیسن اور دو کلو گھی شامل ہے، تمام اشیاء کی خریداری کا عمل شروع کردیا گیا ہے، معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، مستحق افراد کو معیاری اشیاء فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں اشیاء کی خریداری اور پیکنگ کے عمل کو تیز کریں، 5 مارچ سے مستحق افراد تک راشن کی ڈیلیوری کا عمل شروع کیا جائے گا، ٹرانسپورٹ اور ہیومن ریسورس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر خشک راشن کی فراہمی کا سلسلہ 20 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :