سستے پٹرول کو بھول جائیں؟

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور روس کا تیل کی پیداوار نہ بڑھانے کا فیصلہ، عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید مہنگا ہونے کا امکان

muhammad ali محمد علی منگل 5 مارچ 2024 00:16

سستے پٹرول کو بھول جائیں؟
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2024ء) سستے پٹرول کو بھول جائیں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور روس کا تیل کی پیداوار نہ بڑھانے کا فیصلہ، عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید مہنگا ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور روس نے تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ کمی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق تیل برآمد کرنے والے تین بڑے ممالک کی طرف سے پیداوار و رسد بڑھانے سے انکار کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔

متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام نے بتایا کہ تیل کی پیداوار میں ایک لاکھ 63 ہزار بیرل یومیہ کمی برقرار رہے گی۔ امارات کی مجموعی یومیہ پیدوار اس وقت 29 لاکھ 12 ہزار بیرل یومیہ ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات نے اپریل 2023 میں پیداوار ایک لاکھ 44 ہزار بیرل یومیہ گھٹا دی تھی۔ روس نے پیداوار میں 4 لاکھ 71 ہزار بیرل یومیہ کمی کر رکھی ہے۔

یوکرین کی جنگ کے طول پکڑنے کے بعد سے روسی قیادت نے تیل کی برآمد کم کردی ہے۔ روس نے اس سے قبل تیل کی برآمد میں پانچ لاکھ بیرل یومیہ کمی پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے ارکان نے گزشتہ نومبر میں پیداوار میں مجموعی طور پر 22 لاکھ بیرل یومیہ کمی پر اتفاقِ رائے کرلیا تھا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھتی رہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور روس کے اس فیصلے سے دنیا کی کمزور معیشتوں پر منفی اثر پڑے گا۔ خاص کر اپنی تاریخ کی بدترین مہنگائی کا سامنا کرنے والے پاکستان کیلئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور روس کا تیل کی پیدوار نہ بڑھانے کا فیصلہ بہت برا ثابت ہو گا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہونے سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے امکانات کم ہو جائیں گے، یوں اس ملک میں مہنگائی کا طوفان جلد تھمنے کا امکان بھی ختم ہو جائے گا۔