امریکی حکومت گرین الائنس فریم ورک کے تحت پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گی، کرسٹن ہاکنز

منگل 5 مارچ 2024 18:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا ہے کہ امریکی حکومت گرین الائنس فریم ورک کے تحت پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی، تحفظ خوراک اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یو ایس ایڈ کے تعاون سے میپکو سہولیاتی مرکز کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں عورت کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس سلسلے میں امریکہ ہر قسم کے تعاون کو فروغ دے گا۔

کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو گزشتہ 20 سال سے ماحولیاتی آلودگی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے لیکن ہماری حکومت اس مسئلے کے تدارک کیلئے دوست ملک کیساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے تحت میپکو ریجن میں 2014 سے اب تک 40 ہزار سے زائد سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے عمل میں معاونت فراہم کی گئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ میپکو صارفین کی سہولیات کیلئے کمپنی کیساتھ تعاون کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا، صارفین سہولیاتی مرکز کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین کی رہنمائی کےلئے سنٹر میں 14 خواتین اپنے فرائض سر انجام دیں گی ۔ بعد ازاں امریکی قونصل جنرل نے صارفین کے سہولیاتی مرکز کا دورہ بھی کیا ۔سہولیاتی مرکز کی اسسٹنٹ منیجر سفینہ شمشاد نے بریفنگ دی۔