امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز کاموسیٰ پاک ڈویژن کے زیر انتظام کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 5 مارچ 2024 22:52

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے کہا ہے کہ پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں بہتری کے لئے درجنوں منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئے ہیں۔امریکہ کے تعاون سے نے میپکو ریجن میں 2014ء میں سمارٹ میٹرز لگانے کا منصوبہ شروع کیاگیا جس کے تحت جنوبی پنجا ب میں 40ہزارسے زائد سمارٹ میٹرز نصب کئے گئے جس سے میپکو صارفین کو بجلی کی فراہمی بہتربنانے میں مددملی ہے۔

یو ایس ایڈ (PSIA) نے میپکو موسیٰ پاک ڈویژن کو ماڈل بنانے کے منصوبے پر کام شروع کیاہواہے۔ کسٹمرسروسز بہتربنانے اور آمدن بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرائی جارہی ہیں جس کے ثمرات مستقبل میں برآمد ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو موسیٰ پاک ڈویژن کے زیر انتظام کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسیٰ پاک ڈویژن کے ہزاروں صارفین کی سہولت کے لئے جدید ٹیکنالوجیز سے آراستہ کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کیاگیاہے جہاں تمام سٹاف خواتین پر مشتمل ہے۔ خاتون کمیونٹی کو الگ اور اچھے ماحول میں کام کرنے کے لئے موقع فراہم کیاہے۔چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز سردار محمد جمال خان لغاری نے کہا کہ میپکو موسیٰ پاک ڈویژن کو ماڈل بنانے کا منصوبہ اچھوتا اور منفرد ہے۔

صارفین کے لئے جدید ٹیکنالوجیز متعارف کروانے پر یو ایس ایڈ (PSIA) کے مشکور ہیں۔ ڈویژن کے زیر انتظام پانچوں سب ڈویژنوں کے صارفین گھر بیٹھے اپنے موبائل فونز پر میپکو کی سمارٹ ایپ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میپکو کو یو ایس ایڈ کے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے۔ جنوبی پنجاب میں چند علاقے ایسے ہیں جہاں جدید سسٹم نصب کرنے کے لئے یو ایس کی مدد درکارہے اگر یو ایس ایڈ ہمیں وہاں سپورٹ کرے تو ہم مشکورہوں گے اور جنوبی پنجاب میں لائن لاسزاور بجلی چوری کی شرح میں مزید کمی کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

چیئرمین میپکو بورڈ نے کہا کہ میپکو یو ایس ایڈ کے منصوبوں کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سے سسٹم میں بہتری آئی ہے۔یو ایس ایڈ پی ایس آئی اے (PSIA)نے ملتان شہر میں نئے منصوبے شروع کئے ہوئے ہیں ان منصوبوں میں اندورن شہر علاقوں میں بجلی چوری کی شرح میں مزید کمی کرنے، کرنٹ لگنے سے رونماہونے والے واقعات کی روک تھام کے لئے اے بی سی کیبل کی تنصیب،صارفین کو سہولیات کی فراہمی اور سٹاف کی تربیت کے پراجیکٹس شامل ہیں۔

قبل ازیں یو ایس قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز سردار محمد جمال خان لغاری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا جہاں انہیں صارفین کو دستیاب سہولیات سے متعلق مکمل بریفنگ دی گئی۔ انہیں اے ایم آر میٹرز اور مختلف علاقوں میں نصب ہونے والے جدید کنڈکٹرز سے متعلق بھی بریفنگ دی۔