پشاور ہائیکورٹ نے خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں پر حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع کردی

جمعرات 7 مارچ 2024 16:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) پشاور ہائیکورٹ نے خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں پر حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع کردی، اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت نہ ہوسکی۔

(جاری ہے)

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں 5 رکنی لاجر بینچ نے مخصوص نشست نہ ملنے کے معاملے پر سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر سماعت کی، لارجر بینچ میں جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس اعجاز انور، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس سید ارشد علی شامل تھے۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بابر اعوان اور قاضی انور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی پر کیس ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر پیش ہوں، حکم امتناع بدھ کے دن تک ہوگی، بدھ کے دن اس کیس کو دوبارہ سنیں گے۔بعدازاں پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حکم امتناع میں 13 مارچ تک توسیع کردی۔