جدید نظام آبپاشی کو چلانے کیلئے سولرسسٹم کی تنصیب ودیکھ بھال بارے آگاہی سیمینار کا انعقاد

جمعرات 7 مارچ 2024 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی عاصم رفیق نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ اصلاح آبپاشی کے تحت اب تک پیر محل کے سیم زدہ علاقوں میں26 ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ اگلے3 سال کے دوران 20 کروڑ روپے کی لاگت سے مزید93 ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا تا کہ جدید آبپاشی کے نظام کو چلانے میں آسانی پیدا ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہارڈائریکٹر اصلاح آبپاشی عاصم رفیق نے جدید نظام آبپاشی کو چلانے کیلئے سولر سسٹم کی تنصیب و دیکھ بھال سے متعلق منعقدہ سیمینار میں کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے سولر سسٹم کی دیکھ بھال کے متعلق آگاہی نہایت ضروری ہے تا کہ ٹیوب ویل کو چلانے میں آسانی پیدا ہو سکے اور یہ سولر سسٹم زیادہ لمبے عرصہ تک بہتر کارکردگی کا حامل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شمسی آبپاشی کے نظام کی دیکھ بھال کے بنیادی کاموں میں اس کی باقاعدگی کے ساتھ صفائی اور معائنہ ضروری ہے کیونکہ دھول اور گندگی جمع ہونے کے باعث سورج کی روشنی کو جذب کرنے کی صلاحیت میں کمی واقع ہو جاتی ہے لہذا کاشتکاروں کو باقاعدگی سے اس کی صفائی کرتے رہنا چاہیے۔اس موقع پر ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہور شفیق الرحمن نے اصلاح آبپاشی کی دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے کاشتکاروں کو آگاہ کیا اور سیمینار میں شریک نجی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی سولرسسٹم کی دیکھ بھال بارے کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی۔

اس کے علاوہ سیمینار میں شریک کاشتکاروں کو سولر سسٹم کی حفاظت اور دیکھ بھال کے بارے میں بتانے کے ساتھ ساتھ تربیتی کتابچہ بھی مہیا کیا گیا۔سیمینار میں ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ٹریننگ انسٹیٹوٹ لاہور شفیق الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر مظہر اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی ٹوبہ ٹیک سنگھ شعیب منیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی پیر محل احمد رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل اصلاح آبپاشی لاہور ظفر منیر، ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات ریسرچ انفارمیشن یونٹ فیصل آباد اسحاق شہزاد لاشاری، پبلسٹی افسر اصلاح آبپاشی محمد عامر مشتاق اور نجی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔