عالمی یوم خواتین پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا گیا

وزارت خارجہ کی جانب سے دفتر خارجہ میں عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کااہتمام

جمعہ 8 مارچ 2024 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2024ء) عالمی یوم خواتین پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا گیا اس حوالے سے وزارت خارجہ کی جانب سے دفتر خارجہ میں عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کااہتمام کیا گیا جس میں ملکی و غیر ملکی میڈیا سے وابستہ خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ دفتر خارجہ میں منعقدہ تقریب میں سماجی شعبے سیاست اور شعبہ ادب سے تعلق رکھنے والی خواتین کے علاوہ سفارتی شعبے سے وابستہ خواتین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔

تقریب میں خواتین کی تمام شعبوں میں شمولیت اور ملک کی ترقی کیلئے ان کے کردار کو اجاگر کرنے کے علاوہ روزہ مرہ زندگی میں پیش آنے والی مشکلات بارے بھی آگاہ کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ آج کا دن خواتین کی کامیابیوں کے نام ہے پاکستانی خواتین نے زندگی کے بہت سے شعبوں میں اپنا نام منوایا ہے دفتر خارجہ پاکستان کی مختلف شعبہ جات میں اپنی ہمت و حوصلے سے نام بنانے والے خواتین کو بے حد سراہتا ہے دفتر خارجہ کے مختلف شعبہ جات میں بھی خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سجاد قاضی نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں محترمہ بے نظیر بھٹو اور حنا ربانی کھر نے اپنے پروفیشنل رویے کے باعث دنیا میں شناخت بنائی وزارت خارجہ میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے خواتین کو نمائندگی دی گئی ہے جو اس وقت 33 فیصد ہیں دفتر خارجہ آئندہ بھی باہمت اور مثالی خواتین کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔